بنگلورو،4مارچ(ایس او نیوز) شہر کے کے آر مارکیٹ کی ہمہ جہت ترقی اور صفائی کیلئے مسلسل جدوجہد اور کوششوں کے باوجود افسران کے عدم تعاون کے سبب یہاں کی صفائی اور ترقیاتی کام آگے نہیں بڑ ھ پارہے ہیں۔ یہ بات آج شہر کی میئر جی پدماوتی نے کہی۔ کے آر مارکیٹ کی صفائی مہم میں عدم تعاون کے الزام میں آج میئر نے بی بی ایم پی کی ڈپٹی کمشنر سروجا دیوی کو معطل کرنے اور ریوینیو آفیسر لیلا وتی کا تبادلہ کرنے بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد سے سفارش کی۔ آج صبح کے آر مارکیٹ کا ہفتہ واری دورہ کرنے کے بعد انہوں نے یہاں صفائی اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور کہاکہ گزشتہ ہفتہ انہوں نے جن کاموں کی ہدایت دی تھی ان میں سے ایک کام بھی آگے نہیں بڑھ پایا ہے۔ میئر نے کہاکہ ہر ہفتے وہ اس مارکیٹ کا دورہ کررہی ہیں، لیکن افسران اور بی بی ایم پی ملازمین کی طرف سے انہیں تعاون نہیں مل رہا ہے۔ فرض شکنی اور تساہل برتنے والے افسران کے خلاف میئر نے سخت کارروائی کی وارننگ دی۔ انہوں نے بتایاکہ کے آر مارکیٹ میں 60خاکروبوں اور دیگر صفائی کارکنوں کو متعین کیاگیا ہے، لیکن یہ لوگ اپنا کام ٹھیک طرح سے نہیں کرپارہے ہیں اگر یہی صورتحال رہی تو ان تمام کو اس مارکیٹ سے ہٹادیا جائے گا۔میئر نے کہاکہ اگلے بی بی ایم پی بجٹ میں سٹی مارکیٹ کیلئے ایل ای ڈی کھمبے فراہم کرنے کیلئے فنڈز مختص کئے جائیں گے۔